بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ  |  In the name of Allah, the Most Gracious, the Most Merciful
سورۃ الصافات — Surah Saffat
آیت نمبر 72
کل آیات: 182
قرآن کریم الصافات آیت 72
آیت نمبر: 72 — سورۃ الصافات islamicurdubooks.com ↗
وَ لَقَدۡ اَرۡسَلۡنَا فِیۡہِمۡ مُّنۡذِرِیۡنَ ﴿۷۲﴾
اور اُن میں ہم نے تنبیہ کرنے والے رسول بھیجے تھے
جن میں ہم نے ڈرانے والے (رسول) بھیجے تھے
اور بیشک ہم نے ان میں ڈر سنانے والے بھیجے
اور ہم نے ان میں ڈرانے والے (رسول) بھیجے تھے۔
اور بلاشبہ یقینا ہم نے ان میں کئی ڈرانے والے بھیجے۔

📖 تفسیر ابن کثیر

سابقہ امتیں ٭٭

گذشتہ امتوں میں بھی اکثر لوگ گم کردہ راہ پر تھے اللہ کے ساتھ شریک کرتے تھے۔ ان میں بھی اللہ کے رسول آئے تھے۔ جنہوں نے انہیں ہوشیار کر دیا تھا اور ڈرا دھمکا دیا تھا اور بتلا دیا تھا کہ ان کے شرک و کفر اور تکذیب رسول سے بری طرح اللہ تعالیٰ ناراض ہے۔ اور اگر وہ باز نہ آئے تو انہیں عذاب ہوں گے۔ پھر بھی جب انہوں نے نبیوں کی نہ مانی اپنی برائی سے باز نہ آئے تو دیکھ لو کہ ان کا کیا انجام ہوا؟ تہس نہس کر دئیے گئے تباہ برباد کر دئیے گئے۔ ہاں نیک کار خلوص والے اللہ کے موحد بندے بچا لیے گئے اور عزت کے ساتھ رکھے گئے۔

📖 احسن البیان

72۔ 1 یعنی ان سے پہلے لوگوں میں۔ انہوں نے حق کا پیغام پہنچایا اور عدم قبول کی صورت میں انہیں اللہ کے عذاب سے ڈرایا، لیکن ان پر کوئی اثر نہیں ہوا اور انہیں تباہ کردیا گیا، جیسا کہ اگلی آیت میں ان کے عبرت ناک انجام کی طرف اشارہ فرمایا۔

📖 القرآن الکریم

(آیت 72) {وَ لَقَدْ اَرْسَلْنَا فِيْهِمْ مُّنْذِرِيْنَ:} یعنی پہلے اکثر لوگوں کے گمراہ ہونے کا باعث یہ نہیں تھا کہ ان کے پاس کوئی خبردار کرنے والا نہیں آیا، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ہم نے ان میں بہت سے ڈرانے والے بھیجے، جو انھیں کفرو شرک اور اللہ کی حدود سے تجاوز کے برے انجام سے ڈراتے تھے۔ مگر انھوں نے حق قبول نہیں کیا، بلکہ باپ دادا کی تقلید پر جمے رہے اور اندھا دھند پہلوں کے نقش قدم پر دوڑتے گئے۔
← پچھلی آیت (71) پوری سورۃ اگلی آیت (73) →