بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ  |  In the name of Allah, the Most Gracious, the Most Merciful
سورۃ المدثر — Surah Muddaththir
آیت نمبر 38
کل آیات: 56
قرآن کریم المدثر آیت 38
آیت نمبر: 38 — سورۃ المدثر islamicurdubooks.com ↗
کُلُّ نَفۡسٍۭ بِمَا کَسَبَتۡ رَہِیۡنَۃٌ ﴿ۙ۳۸﴾
ہر متنفس، اپنے کسب کے بدلے رہن ہے
ہر شخص اپنے اعمال کے بدلے میں گروی ہے
ہر جان اپنی کرنی (اعمال) میں گروی ہے،
ہر شخص اپنے اعمال کے بدلے میں گروی ہے۔
ہر شخص اس کے بدلے جو اس نے کمایا، گروی رکھا ہوا ہے۔

📖 تفسیر ابن کثیر

جنتیوں اور دوزخیوں میں گفتگو ہو گی ٭٭

اللہ تعالیٰ خبر دیتا ہے کہ ’ ہر شخص اپنے اعمال میں قیامت کے دن جکڑا بندھا ہو گا لیکن جن کے دائیں ہاتھ میں اعمال نامہ آیا وہ جنت کے بالا خانوں میں چین سے بیٹھے ہوئے جہنمیوں کو بدترین عذابوں میں دیکھ کر ان سے پوچھیں گے کہ تم یہاں کیسے پہنچ گئے؟ وہ جواب دیں گے کہ ہم نے نہ تو رب کی عبادت کی نہ مخلوق کے ساتھ احسان کیا بغیر علم کے جو زبان پر آیا بکتے رہے جہاں کسی کو اعتراض کرتے سنا ہم بھی ساتھ ہو گئے اور باتیں بنانے لگ گئے اور قیامت کے دن کی تکذیب ہی کرتے رہے یہاں تک کہ موت آ گئی ‘۔ «یقین» کے معنی موت کے اس آیت میں بھی ہیں «‏‏‏‏وَاعْبُدْ رَبَّكَ حَتّٰى يَاْتِيَكَ الْيَقِيْنُ» ۱؎ [15-الحجر:99] ‏‏‏‏ یعنی ’ موت کے وقت تک اللہ کی عبادت میں لگا رہ ‘ اور سیدنا عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ کی وفات کی نسبت حدیث میں بھی یقین کا لفظ آیا ہے۔ ۱؎ ‏‏‏‏ [صحیح بخاری:3929] ‏‏‏‏

📖 احسن البیان

38۔ 1 رہن گروی کو کہتے ہیں یعنی ہر شخص اپنے عمل کا گروی ہے، وہ عمل اسے عذاب سے چھڑا لے گا، (اگر نیک ہوگا) یا ہلاک کروا دے گا۔ (اگر برا ہے)

📖 القرآن الکریم

(آیت 39،38) {كُلُّ نَفْسٍۭ بِمَا كَسَبَتْ …:} یعنی جس طرح کوئی گروی رکھی ہوئی چیز اس وقت تک نہیں چھوٹتی جب تک وہ حق ادا نہ کر دیا جائے جس کے بدلے اسے گروی رکھا گیا ہے، اسی طرح ہر شخص اپنے عمل کے عوض گروی اور گرفتار ہو گا، جب تک وہ عمل پیش نہ کرے جس کی ادائیگی اس پر واجب تھی، رہائی نہیں پا سکتا۔ ہاں جنھیں دائیں ہاتھ میں اعمال نامہ ملے گا وہ گرفتار نہیں ہو ں گے بلکہ اعمالِ صالحہ کی وجہ سے رہا ہو جائیں گے، جس طرح حق ادا کرنے سے گروی چھوٹ جاتی ہے۔
← پچھلی آیت (37) پوری سورۃ اگلی آیت (39) →