بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ  |  In the name of Allah, the Most Gracious, the Most Merciful
«قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ» کی فضیلت کا بیان
Sunan Darimi
کتب سنن دارمی قرآن کے فضائل «قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ» کی فضیلت کا بیان
ماخذ: islamicurdubooks.com پر اس باب کا اصل صفحہ ↗
کل احادیث: 2
حدیث نمبر: 3458 سنن دارمی
أَبُو زَيْدٍ سَعِيدُ بْنُ الرَّبِيعِ ، شُعْبَةُ ، أَبِي الْحَسَنِ ، رَجُل
حَدَّثَنَا أَبُو زَيْدٍ سَعِيدُ بْنُ الرَّبِيعِ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ، عَنْ أَبِي الْحَسَنِ مُهَاجِرٍ، قَالَ:"جَاءَ رَجُل زَمَنَ زِيَادٍ إِلَى الْكُوفَةِ، فَسَمِعْتُهُ يُحَدِّثُ أَنَّهُ كَانَ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي مَسِيرٍ لَهُ، قَالَ: وَرُكْبَتِي تُصِيبُ أَوْ تَمَسُّ رُكْبَتَهُ، فَسَمِعَ رَجُلًا يَقْرَأُ: قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ، قَالَ: "بَرِئَ مِنَ الشِّرْكِ"، وَسَمِعَ رَجُلًا يَقْرَأُ: قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ، قَالَ: غُفِرَ لَهُ".
ترجمہ: محمد الیاس بن عبدالقادر
ابوالحسن مہاجر نے کہا: زیاد کے زمانے میں ایک صحابی کوفہ تشریف لائے، میں نے ان کو سنا، وہ حدیث بیان کر رہے تھے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ہمراہ راستے میں تھا اور میرا گھٹنا آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے گھٹنے مبارک سے مس (ٹچ) ہو رہا تھا، آپ نے ایک صحابی کو سنا وہ «‏‏‏‏ ﴿قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ﴾ » ‏‏‏‏ پڑھ رہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: یہ شخص شرک سے بری ہو گیا، ایک دوسرے شخص کو « ﴿قُلْ هُوَ اللّٰهُ أَحَدٌ﴾ » پڑھتے ہوئے سنا تو فرمایا: اس کی مغفرت ہو گئی۔ [سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3458]
تخریج الحدیث
تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح جهالة الصحابي غير قادحة في الحديث، [مكتبه الشامله نمبر: 3469] »
اس حدیث کی سند صحیح ہے اور قواعدِ حدیث کے مطابق صحابی کی جہالت مانع صحت نہیں ہے۔ دیکھئے: [فضائل القرآن لابن الضريس 305] ، [النسائي فى الكبرىٰ 15040] ، [أحمد 63/4]
وضاحت
(تشریح حدیث 3457)
اس حدیث سے ان دونوں سورتوں کی اور ان دونوں صحابہ کی فضیلت ثابت ہوتی ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یہ خبر دینا کہ یہ شخص شرک سے بری ہو گیا اور یہ بخش دیا گیا اسی بات کی دلیل ہے کہ ایمان و یقین اور اعتقادِ سلیم سے جس شخص نے ان سورتوں کو پڑھا وہ یقین کے ساتھ ان مراتبِ عالیہ کا مستحق ہے، اور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو الله تعالیٰ نے بتا دیا تھا کہ ان پاکیزہ نفوس نے دل کی گہرائیوں سے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور صرف اس کی عبادت کا بیڑا اٹھایا، شرک سے برأت ظاہر کی، اس لئے اللہ تعالیٰ نے انہیں شرک سے بری کر کے اور مغفرت دے کر جنّت کا مستحق قرار دے دیا۔
الحكم: إسناده صحيح جهالة الصحابي غير قادحة في الحديث
حدیث نمبر: 3459 سنن دارمی
أَبُو نُعَيْمٍ ، زُهَيْرٌ ، أَبِي إِسْحَاق ، فَرْوَةَ بْنِ نَوْفَلٍ ، أَبِيهِ
حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ، حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ، عَنْ أَبِي إِسْحَاق، عَنْ فَرْوَةَ بْنِ نَوْفَلٍ، عَنْ أَبِيهِ: أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ:"مَجِيءٌ مَا جَاءَ بِكَ"، قَالَ: جِئْتُ لِتُعَلِّمَنِي شَيْئًا أَقُولُهُ عِنْدَ مَنَامِي، قَالَ: "فَإِذَا أَخَذْتَ مَضْجَعَكَ، فَاقْرَأْ: قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ، ثُمَّ نَمْ عَلَى خَاتِمَتِهَا، فَإِنَّهَا بَرَاءَةٌ مِنْ الشِّرْكِ".
ترجمہ: محمد الیاس بن عبدالقادر
فروہ بن نوفل نے اپنے والد (سیدنا نوفل رضی اللہ عنہ) سے روایت کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے (ان سے) فرمایا: کیا چیز تم کو (میرے پاس) لے کر آئی؟ عرض کیا: میں اس لئے حاضر ہوا کہ آپ مجھ کو کوئی ایسی چیز یاد کرا دیں جو میں سوتے وقت پڑھ لیا کروں، آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: جب تم بستر پر لیٹ جاؤ تو « ﴿قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ﴾ » پڑھ لو اور اس کے اختتام پر سو جاؤ کیونکہ یہ سورت شرک سے براءت ہے۔ (یعنی شرک سے بری کرنے والی ہے)۔ [سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3459]
تخریج الحدیث
تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 3470] »
اس حدیث کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [أبوداؤد 5055] ، [ترمذي 3403] ، [أبويعلی 1596] ، [ابن حبان 789] ، [موارد الظمآن 2363] ، [فضائل القرآن لأبي عبيد، ص: 264] و [النسائي فى الكبريٰ 10627]
وضاحت
(تشریح حدیث 3458)
اس حدیث سے سورۃ الکافرون کی فضیلت معلوم ہوئی، اس وجہ سے کہ اس میں معبودانِ باطل کی عبادت کا صریح انکار اور اپنے دین پر قائم رہنے کا اقرار ہے۔
الحكم: إسناده صحيح