بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ  |  In the name of Allah, the Most Gracious, the Most Merciful
کتنی قیمت کی چیز میں ہاتھ کاٹا جائے گا؟
Sunan Darimi
کتب سنن دارمی حدود کے مسائل کتنی قیمت کی چیز میں ہاتھ کاٹا جائے گا؟
ماخذ: islamicurdubooks.com پر اس باب کا اصل صفحہ ↗
کل احادیث: 2
حدیث نمبر: 2337 سنن دارمی
سُلَيْمَانُ بْنُ دَاوُدَ الْهَاشِمِيُّ ، إِبْرَاهِيمُ بْنُ سَعْدٍ ، الزُّهْرِيِّ ، عَمْرَةَ بِنْتِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، عَائِشَةَ
أَخْبَرَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ دَاوُدَ الْهَاشِمِيُّ، أَخْبَرَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ سَعْدٍ، عَنْ الزُّهْرِيِّ، عَنْ عَمْرَةَ بِنْتِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ، عَنْ عَائِشَةَ: أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: "تُقْطَعُ الْيَدُ فِي رُبْعِ دِينَارٍ فَصَاعِدًا".
ترجمہ: محمد الیاس بن عبدالقادر
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے روایت کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: چوتھائی دینار یا اس سے زیادہ پر (چور کا) ہاتھ کاٹا جائے گا۔ [سنن دارمي/من كتاب الاحدود/حدیث: 2337]
تخریج الحدیث
تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح والحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 2346] »
اس روایت کی سند صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 6789] ، [مسلم 1686] ، [أبوداؤد 4383] ، [ترمذي 1445] ، [نسائي 4931] ، [ابن ماجه 2585] ، [أبويعلی 5833] ، [ابن حبان 4461]
وضاحت
(تشریح حدیث 2336)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ربع دینار یا اس سے زیادہ قیمت کی چیز چرانے پر ہاتھ کاٹا جائے گا۔
تفصیل آگے آ رہی ہے۔
الحكم: إسناده صحيح والحديث متفق عليه
حدیث نمبر: 2338 سنن دارمی
أَبُو نُعَيْمٍ ، سُفْيَانُ ، أَيُّوبَ ، وَإِسْمَاعِيل بْنِ أُمَيَّةَ ، وَعُبَيْدِ اللَّهِ ، وَمُوسَى بْنِ عُقْبَة ، نَافِعٍ ، ابْنِ عُمَرَ
أَخْبَرَنَا أَبُو نُعَيْمٍ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ، عَنْ أَيُّوبَ، وَإِسْمَاعِيل بْنِ أُمَيَّةَ، وَعُبَيْدِ اللَّهِ، وَمُوسَى بْنِ عُقْبَة، عَنْ نَافِعٍ، عَنِ ابْنِ عُمَرَ، قَالَ: "قَطَعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي مِجَنٍّ قِيمَتُهُ ثَلَاثَةُ دَرَاهِمَ".
ترجمہ: محمد الیاس بن عبدالقادر
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ایک ڈھال میں ہاتھ کاٹا جس کی قیمت تین درہم تھی۔ [سنن دارمي/من كتاب الاحدود/حدیث: 2338]
تخریج الحدیث
تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح والحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 2347] »
اس روایت کی سند صحیح اورحدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 6795] ، [مسلم 1686] ، [أبوداؤد 4385] ، [نسائي 4923] ، [أبويعلی 5833] ، [ابن حبان 4461، 4464]
وضاحت
(تشریح حدیث 2337)
ان احادیث سے معلوم ہوا کہ جب تک نصابِ سرقہ مکمل نہ ہو چور کا ہاتھ نہیں کاٹا جائے گا، جمہور علماء کرام کی یہی رائے ہے۔
کچھ علماء نے قلیل و کثیر ہر چوری پر قطعِ ید کی سزا کو واجب قرار دیا ہے جو صحیح نہیں۔
اس سلسلے میں مذکورہ بالا حدیث صریح اور واضح ہے، جس سے آیتِ شریفہ: «﴿وَالسَّارِقُ وَالسَّارِقَةُ فَاقْطَعُوا أَيْدِيَهُمَا﴾» کی تحدید و تخصیص ہو جاتی ہے۔
پھر نصاب کے بارے میں مختلف اقوال ہیں جن میں زیادہ مشہور یہ دو قول ہیں:
(1) پہلا یہ کہ سونے میں نصاب ایک دینار کا چوتھا حصہ، اور چاندی میں تین درہم۔
امام شافعی رحمہ اللہ وغیرہ کا یہی قول ہے۔
(2) دوسرا قول یہ ہے کہ دس درہم نصاب ہے، اس سے کم میں قطع ید کی سزا نہیں دی جاسکتی، سفیان ثوری و احناف کا یہ قول ہے۔
امام شافعی رحمہ اللہ وغیرہ نے مذکورہ بالا متفق علیہ احادیث سے استدلال کیا ہے کہ ایک دینار کا وزن چار ماشہ سونا، اور درہم ساڑھے تین ماشہ چاندی گویا چوتھائی دینار، اور تین درہم ہم وزن ہیں، اس سے کم قیمت چوری پر قطع ید کی سزا نافذ نہیں ہوگی، سونے یا چاندی کے علاوہ کسی چیز کی چوری کرے تو اس کا نصاب تین درہم کے حساب سے ہوگا، امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ وغیرہ نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کی روایت سے استدلال کیا ہے کہ رسول الله صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ایک ڈھال پر جس کی قیمت دس درہم تھی چور کا ہاتھ کاٹا۔
یہ روایت اولاً تو تین درہم والی روایت کے خلاف نہیں، کیونکہ ہو سکتا ہے ایک بار تین درہم کی ڈھال پر اور دوسری بار دس درہم کی قیمت کی ڈھال پر ہاتھ کاٹا، اس سے کم سے کم نصاب معلوم ہوا، نیز دس درہم والی روایت متفق علیہ ربع دینار یا تین درہم کے مقابلے میں کم درجہ کی ہے اس لئے امام شافعی رحمہ اللہ کا مذہب و مسلک ہی راجح اور قوی ہے۔
والله اعلم۔
الحكم: إسناده صحيح والحديث متفق عليه