عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ
صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا:
”جس چمڑے کو دباغت دی گئی، وہ پاک ہو گیا
۱؎۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- ابن عباس رضی الله عنہما کی حدیث حسن صحیح ہے،
۲- بواسطہ ابن عباس نبی اکرم
صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے دوسری سندوں سے بھی اسی طرح مروی ہے،
۳- یہ حدیث ابن عباس سے کبھی میمونہ کے واسطہ سے نبی اکرم
صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے اور کبھی سودہ کے واسطہ سے نبی اکرم
صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے آئی ہے،
۴- میں نے محمد بن اسماعیل بخاری کو نبی اکرم
صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے مروی ابن عباس کی حدیث اور میمونہ کے واسطہ سے مروی ابن عباس کی حدیث کو صحیح کہتے ہوئے سنا، انہوں نے کہا: احتمال ہے کہ ابن عباس نے بواسطہ میمونہ نبی اکرم
صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے روایت کیا ہو، اور ابن عباس نے نبی اکرم
صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے براہ راست بھی روایت کیا، اکثر اہل علم کا اسی پر عمل ہے، سفیان ثوری، ابن مبارک، شافعی، احمد اور اسحاق بن راہویہ کا یہی قول ہے،
۵- نضر بن شمیل نے بھی اس کا یہی مفہوم بیان کیا ہے، اسحاق بن راہویہ کہتے ہیں: نضر بن شمیل نے کہا:
«إهاب» اس جانور کے چمڑے کو کہا جاتا ہے، جس کا گوشت کھایا جاتا ہے،
۶- اکثر اہل علم کا اسی پر عمل ہے، وہ کہتے ہیں: مردار کا چمڑا دباغت دینے کے بعد پاک ہو جاتا ہے
“،
۷- شافعی کہتے ہیں: کتے اور سور کے علاوہ جس مردار جانور کا چمڑا دباغت دیا جائے وہ پاک ہو جائے گا، انہوں نے اسی حدیث سے استدلال کیا ہے،
۸- بعض اہل علم صحابہ اور دوسرے لوگوں نے درندوں کے چمڑوں کو مکروہ سمجھا ہے، اگرچہ اس کو دباغت دی گئی ہو، عبداللہ بن مبارک، احمد اور اسحاق بن راہویہ کا یہی قول ہے، ان لوگوں نے اسے پہننے اور اس میں نماز ادا کرنے کو برا سمجھا ہے،
۹- اسحاق بن ابراہیم بن راہویہ کہتے ہیں: رسول اللہ
صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے قول
«أيما إهاب دبغ فقد طهر» کا مطلب یہ ہے کہ اس جانور کا چمڑا دباغت سے پاک ہو جائے گا جس کا گوشت کھایا جاتا ہے،
۱۰- اس باب میں سلمہ بن محبق، میمونہ اور عائشہ رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں۔
[سنن ترمذي/كتاب اللباس/حدیث: 1728]