بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ  |  In the name of Allah, the Most Gracious, the Most Merciful
پیٹ کے بچے کی دیت کا بیان
Sunan Darimi
کتب سنن دارمی دیت کے مسائل پیٹ کے بچے کی دیت کا بیان
ماخذ: islamicurdubooks.com پر اس باب کا اصل صفحہ ↗
کل احادیث: 2
حدیث نمبر: 2417 سنن دارمی
أَبُو الْوَلِيدِ ، شُعْبَةُ ، مَنْصُورٍ ، إِبْرَاهِيمَ ، عُبَيْدِ بْنِ نُضَيْلَةَ ، الْمُغِيرَةِ بْنِ شُعْبَةَ
حَدَّثَنَا أَبُو الْوَلِيدِ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ، عَنْ مَنْصُورٍ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ، عَنْ عُبَيْدِ بْنِ نُضَيْلَةَ، عَنِ الْمُغِيرَةِ بْنِ شُعْبَةَ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:"أَنَّ امْرَأَتَيْنِ كَانَتَا تَحْتَ رَجُلٍ، فَتَغَايَرَتَا، فَضَرَبَتْ إِحْدَاهُمَا الْأُخْرَى بِعَمُودٍ، فَقَتَلَتْهَا وَمَا فِي بَطْنِهَا، فَاخْتَصَمَا إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَضَى فِيهِ غُرَّةً، وَجَعَلَهَا عَلَى عَاقِلَةِ الْمَرْأَةِ".
ترجمہ: محمد الیاس بن عبدالقادر
سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ دو عورتیں ایک آدمی کے نکاح میں تھیں، ایک دوسری سے غیرت کے سبب اختلاف میں مبتلا ہوئیں تو ایک نے دوسری پر لوہے کا ڈنڈا دے مارا، جس سے دوسری عورت فوت ہوگئی اور اس کے پیٹ کا بچہ بھی مر گیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پاس لوگ یہ جھگڑا لے کر آئے تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے بچے کے بدلے ایک لونڈی یا غلام کی دیت کا فیصلہ کیا اور مارنے والی عورت کے عاقلہ پر اس عورت کی دیت کو ڈالا۔ [سنن دارمي/من كتاب الديات/حدیث: 2417]
تخریج الحدیث
تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح والحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 2425] »
اس روایت کی سند صحیح ہے اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 6910] ، [مسلم 1682] ، [أبوداؤد 4568] ، [ترمذي 1411] ، [نسائي 4836] ، [ابن ماجه 2633] و [ابن حبان 6016]
وضاحت
(تشریح حدیث 2416)
اس قضیے میں دو دیت ہیں۔
ایک تو عورت کی دیت، دوسرے پیٹ کے بچے کی دیت۔
تو عورت کی دیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے مارنے والی قاتل عورت کے عاقلہ پر ڈالی، اس کے شوہر پر نہیں، اور عاقلہ سے مراد باپ یعنی دهدیال والے اور اہلِ قبیلہ والے رشتے دار ہیں، پھر اس دیت کا وارث مقتولہ عورت کے بیٹوں اور شوہر کو قرار دیا، قاتلہ عورت کے اہلِ خانہ نے اس پر اعتراض کیا جس کا تذکرہ آگے آ رہا ہے، اور اسقاطِ حمل یعنی بچے کے رحمِ مادر میں مر جانے پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ایک لونڈی یا غلام کو بھی آزاد کرنے کا اس عورت کے عاقلہ کو حکم دیا، ڈنڈا کیونکہ آلۂ قتل نہیں اس لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے شبہ العمد یا قتلِ خطا قرار دیتے ہوئے اس میں دیت کو لازم قرار دیا، اور خلافِ قاعده قاتل کے بجائے عاقلہ پر دیت لازم کی اس لئے کہ قتل کرنے والی سے عمداً و قصداً یہ جرم سرزد نہیں ہوا تو اس کے ساتھ سب کی ہمدردی اور غمخواری ہو، (والله اعلم)۔
الحكم: إسناده صحيح والحديث متفق عليه
حدیث نمبر: 2418 سنن دارمی
أَبُو عَاصِمٍ ، ابْنُ جُرَيْجٍ ، عَمْرٍو هُوَ: ابْنُ دِينَار ، طَاوُسٍ ، ابْنِ عَبَّاسٍ
حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ، حَدَّثَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ، عَنْ عَمْرٍو هُوَ: ابْنُ دِينَار، عَنْ طَاوُسٍ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ: أَنَّ عُمَرَ نَشَدَ النَّاسَ قَضَاءَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الْجَنِينِ فَقَامَ حَمَلُ بْنُ مَالِكِ بْنِ النَّابِغَةِ، فَقَالَ: كُنْتُ بَيْنَ امْرَأَتَيْنِ، فَضَرَبَتْ إِحْدَاهُمَا الْأُخْرَى بِمِسْطَحٍ،"فَقَضَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي جَنِينِهَا بِغُرَّةٍ، وَأَنْ تُقْتَلَ بِهَا".
ترجمہ: محمد الیاس بن عبدالقادر
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے روایت کیا کہ سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ نے جنین (پیٹ کا بچہ) کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا فیصلہ تلاش کیا تو حمل بن مالک بن نابغہ کھڑے ہوئے اور کہا: میں دو عورتوں کے بیچ میں تھا، ان میں سے ایک نے دوسری کو لکڑی اٹھا کر ماری (وہ مرگئی اور اس کا بچہ بھی مرگیا «كما فى الرواية الأولى») تو اس قضیہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے جنین کی دیت غلام یا لونڈی آزاد کرنے کا فیصلہ کیا اور مارنے والی عورت کے قتل کا حکم دیا، یعنی اس کو قتل عمد قرار دے کر قصاص میں اور عورت کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔ [سنن دارمي/من كتاب الديات/حدیث: 2418]
تخریج الحدیث
تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2426] »
اس روایت کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [أبوداؤد 4572] ، [نسائي 4753، 4831] ، [ابن ماجه 2641] ، [ابن حبان 6021] ، [موارد الظمآن 1525]
الحكم: إسناده صحيح